اب شادی کرنے والے جوڑوں کو لاکھوں روپے دیئے جائیں گے

ایسا شہر جہاں شادی کرنے والے جوڑوں کو لاکھوں روپے دیئے جائیں گے۔

اٹلی کے خطے لازیو میں شادی کرنے والے جوڑوں کو 2 ہزار یورو جو کہ پاکستانی رقم کےمطابق 3 لاکھ سے زائد بنتے ہیں دیئے جائیں گے۔ جوڑوں کو شادی ہالز، عروسی ملبوسات، کھانا، فوٹوگرافر، کار اور دیگر اخراجات کے عوض 2 ہزار یورو ملیں گے۔

لازیو کے حکام نے اپنی اس مہم کو ’’ان لازیو ود لو‘‘ کا نام دیا ہے جس کا مقصد شادی کے شعبے کو کورونا وائرس وبائی امراض کے نتائج سے بچانا ہے اور اتنی بڑی رقم دینے کی وجہ کورونا وائرس کی وبا سے متاثر ویڈنگ سیکٹر کو دوبارہ بحال کرنا ہے۔

حکام کی جانب سے یہ دلچسپ پیشکش ایک جنوری سے 31 دسمبر 2022 تک دی گئی ہے اور اٹلی کے شہریوں کے ساتھ غیرملکی سیاح بھی اس مہم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

جوڑے اپنی درخواستیں اور رسیدیں فراہم کر سکتے ہیں جس پر انہیں شادی پر خرچ کی گئی رقم مل جائے گی۔

یاد رہے لازیو میں منعقد ہونے والی سب سے مشہور شادیوں میں سے ایک شادی طلاق یافتہ ٹام کروز اور کیٹی ہومز کی تھی جنہوں نے 2006 میں یہاں ایک مشہور محل میں شادی کی تھی۔

Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں