ملک بھر میں 6 ماہ سے بند شادی ہالز آج کھل جائیں گے

لاہور : ملک بھر میں 6 ماہ سے بند شادی ہالزآج سے کھل گئے ہیں اور اس حوالے سے صوبائی حکومتوں نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیئے ہیں۔
کورونا کے باعث جہاں ملک بھرمیں تعلیمی ادارے اوردیگر سماجی سرگرمیوں پر پابندیاں تھیں وہیں شادی ہالزمیں بھی تقریبات پرپابندی عائد کی گئی تھی ، تاہم آج سے شادی ہالز کھل جائیں گے جبکہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو لازمی قرار دیا گیاہے ۔ شادی ہال مالکان نے طویل وقفے کے بعد اپناکاروبار کھولنے کے لیے ایک ہفتہ قبل ہی تمام تیاریاں مکمل کرلی تھیں ۔ شادی ہالز کھلنے کے فیصلے سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ویٹرز اور انتظامی خدمات فراہم کرنے والے بے روزگار ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اس سلسلے میں شادی ہالز میں تقاریب کے لیے کورونا سے بچاؤ کی ایس اوپیز پر عمل درآمد لازم ہوگا، شادی ہالز میں فیس ماسک، ہینڈ سینیٹائزر اور دستانوں کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مہمانوں کی گنجائش پچاس فیصد کم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ شادی ہالز کے داخلی راستوں میں سینیٹائزرز رکھے جائیں گے۔ صفائی اور اسپرے کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ شادی ہالز رات دس بجے بند کرنا ہوں گے۔ شادی ہالز کھولنے سے پہلے تمام اسٹاف کا کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ شادی ہالزمیں سماجی دوری کاخاص خیال رکھا جائے اور گنجائش سے50 فیصد کم مہمان بلائے جائیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق شادی ہالز میں سماجی دوری پر مبنی اقدامات کے تحت لوگوں کو بٹھایا جائے گا۔ اعلامیے کے مطابق شادی ہال میں 2 گھنٹے کے وقفے کے بعد دوسرے پروگرام کی اجازت ہو گی۔ شادی ہالز میں اسٹاف 50 فیصد کم افراد پر مشتمل ہوگا۔شادی ہالز انتظامیہ بخار چیک کرنے کیلیے تھرمل گن کا انتظام کرے گی اور تقریب سے قبل شادی ہالز کو سینی ٹائز کیا جائے۔ 2 گھنٹے سے زیادہ شادی ہالز میں کوئی بھی پروگرام نہیں ہو گا۔
حکومت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز میں کل گنجائش کے50 فیصد لوگوں کوتقریب میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ کورونا سے بچاؤ کے متعلق احتیاطی تدابیر شادی ہال میں جگہ جگہ آویزاں کی جائیں۔ کورونا وائرس کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن کے دوران گزشتہ 6 ماہ سے شادی ہالز میں شادی بیاہ اور دیگر تقاریب پر پابندی تھی۔
سندھ میں پابندی ختم کرنے کے حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے باضابطہ حکم نامہ جاری کردیا۔ آج سے شادی ہالز میں شادی بیاہ سمیت دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جاسکےگا۔ سندھ میں تجارتی و کاروباری سرگرمیوں،کھیل وتفریحی میدان میں سرگرمیاں، ہوٹلز ریسٹورینٹس میں بھی آمدورفت کی اجازت ہوگی اور نئے حکم نامے کےبعد نرمی کا موجودہ حکم نامہ 15 اکتوبر تک موثر رہے گا تاہم ضلعی انتظامیہ جس علاقے میں کوروناکیسز کی تعداد میں اضافہ کا مشاہدہ کرے تو دوبارہ تمام پابندیاں عائد کرسکتی ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے آج سے صوبے بھر میں شادی ہالز کھولنے کی اجازت دے دی تاہم شادی ہالز کے لیے 12 نکاتی ایس اوپیز جاری کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے ، نئے کورونا کیسز اوراموات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

News Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں