عتیقہ اوڈھو نعمان اعجاز کی حمایت میں بول اٹھیں

کراچی: معروف اداکارہ عتیقہ اوڈھوساتھی اداکار نعمان اعجاز کی حمایت میں سامنے آگئیں ، نعمان اعجاز کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں انہوں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ بے وفائی کا اعتراف کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر سینئر اداکار نعمان اعجاز کا ایک ویڈیو کِلپ وائرل ہے جو عفت عُمر کے ایک شو کا حصّہ ہے اور نعمان اعجاز نے بطور مہمان اُس شو میں شرکت کی تھی ، اداکار نے دوران انٹرویو اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ وہ کئی بار اپنی اہلیہ سے بےوفائی کرچُکے ہیں ، انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ہم آرٹسٹ لوگ بہت زیادہ عاشق مزاج ہوتےہیں، میرا بےانتہا دفعہ دل پھسلا ، میں بہت زیادہ محبت کرنے والا شخص ہوں، مجھے خوبصورت اور مشکل خاتون سے ہی سب سے زیادہ عشق ہوتا ہے۔ میں بہت “اچھا اداکار “اور “ذہین شخص “ہوں کہ میں اپنی بیوی کو پتہ ہی نہیں چلنے دیتا۔
نعمان اعجاز کا یہ ویڈیو کِلپ دیکھنے کے بعد سے سوشل میڈیا صارفین اداکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں تاہم ان کی دوست اورساتھی اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انسٹاگرام پر ایک نوٹ لکھ کراسے مذاق قرار دے دیا۔ عتیقہ اوڈھو نے اپنی پوسٹ پر نعمان اعجاز کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے پیارے دوست تم میں لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کی ایک بہترین صلاحیت موجود ہے، تُم نے جو باتیں مذاق میں بولی تھیں لوگوں نے اُن تمام باتوں کو اس قدر سنجیدگی سے لیا ہے کہ اب تُم موضوع بحث بن گئے ہو اور واقعی لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کا یہ ایک بہترین طریقہ ہے‘”۔ اداکارہ نے نعمان اعجاز کی اہلیہ رابعہ کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں رابعہ کو داد دیتی ہوں کہ جو یہ سب دیکھنے کے بعد خوب ہنسیں اور مذاق کو مذاق ہی سمجھا ۔
عتیقہ نے نعمان اعجاز کو ٹی وی نہ چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ تُم ایک مزاحیہ شخصیت کے مالک ہو، کبھی بھی اسکرین نہیں چھوڑنا، ہمیشہ مُسکراتے رہو اور دوسروں کی چھوٹی ذہنیت کو اُجاگر کرتے رہو، یہ وہ لوگ ہیں جو مذاق کو سنجیدہ لیتے ہوئے صرف ایک لمحے میں کسی کی ذات پر تبصرے شروع کردیتے ہیں لیکن سالوں کی خدمات کو نظر انداز کردیتے ہیں، آ ٓگے بڑھتے رہو اور ہمیشہ کی طرح کامیابی کے راستے پر چلیں ۔

News Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں