وزیراعظم کا طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا.
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں پی آئی اے کے طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا،وزیر اعظم نے جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ریلیف، ریسکیو اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کی ہدایت کرتے ہوئے طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی آئی اے طیارہ حادثے بہت دکھ اور افسوس ہوا،پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کے ساتھ رابطے میں ہوں، امدادی کارروائیوں کے بعد فوری تحقیقات کا آغازکیا جائے گا۔
قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں ائیرپورٹ کے قریب پی آئی اے کے طیارہ حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی ہے،جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے جوانوں کو سول انتظامیہ کے ساتھ بھرپور معاونت کی ہدایت بھی کر دی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق کراچی ائیر پورٹ کے قریب ماڈلا کالونی میں لاہور سے آنے والا پی آئی اے کا طیارہ گرا تھا ،پی آئی کا طیارہ لاہور سے کراچی آرہا تھا۔پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 لاہور سے ایک بجے کراچی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔طیارہ لینڈنگ سے چند لمحے پہلے گر ا،طیارہ گرنے سے کئی گھروں اور گاڑیوں کو بھی آگ لگ گئی۔سندھ حکومت اور کے ایم سے نے طیارہ گرنے کے بعد ایمرجنسی نافذ کر دی ،تمام اداروں کو فوری امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کی بھی ہدایت کی ۔
چیئرمین پی آئی اے کے مطابق طیارے میں 100 سے زائد مسافر موجود تھے ۔ طیارے میں 99 مسافر اور کیپٹن سجاد گل سمیت عملے کے 8 ارکان موجود تھے۔طیارہ کے عملے میں سجاد گل ، عثمان اعظم ، فرید احمد ، عبدالقیوم ،ملک عرفان ، مدیحہ اکرام ، آمنہ عرفان اور عاصمہ شہزادی کی بھی طیارہ میں موجودگی کی اطلاع ہے ۔

News Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں