طیارہ حادثے کی مکمل شفاف انکوائری ہوگی: سی ای او قومی ائیر لائن

کراچی : قومی ائیر لائن (پی آئی اے ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئرمارشل (ر) ارشد ملک نے کہا ہے کہ کراچی کے رہائشی علاقے ماڈل کالونی میں پیش آنے والے طیارہ حادثے کی مکمل شفاف انکوائری ہوگی۔
شہر قائد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پی آئی اے کے سربراہ ارشد ملک کا کہنا تھا کہ ہم پر ایک اور آزمائش آگئی ہے۔ سانحے میں میں نے اپنے فرنٹ لائن مجاہد کھو دیے۔ سانحہ میں میرے دو پائلٹ شہید ہوئے۔ ہم نے اس صورت حال کا سامنا کرنا ہے۔ شہدا اب واپس نہیں آسکتے۔ ان کے گھروں میں کہرام ہے۔انہوں نے کہا کہ اڑان سے قبل طیارے کی ساری انسپکشن ہوئی تھی، یہ جہاز سب سے زیادہ محفوظ جہاز تھا، جہاز پوری طرح ٹیکنیکل طور پر کلیئر تھا۔
سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ سانحہ کے بعد میں، میری ٹیم اور این ڈی ایم اے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ طیارے میں 99 افراد موجو د تھے۔ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند کرے۔اے ٹی سی نے پائلٹ سے کہا آپ لینڈنگ کرسکتے ہیں۔ بلیک باکس اور وائس ریکارڈنگ کی رپورٹ آنے کے بعد تفصیلات سامنے آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے ایئر پورٹ ہوٹل کو خالی کرلیا ہے۔ لواحقین کو ہوٹلز میں رکھیں گے۔ لواحقین سے آج رات تک رابطہ کرلیں گے۔ اس وقت میری ٹیمیں اسپتالوں میں موجود ہیں۔ میں اور میری ٹیمیں کسی بھی خدمت کے لیے حاظر ہیں۔
ارشد ملک کا مزید کہنا ہے کہ پی آئی اے کا ایمرجنسی رسپانس سینٹر موجود ہے۔ میں درخواست کروں گا کہ خود ساختہ ایکسپرٹ سے دورہیں۔19شہدا جناح اسپتال اور 22 شہدا کی میتیں دیگر ہسپتالوں میں ہیں۔ میرے شہری شہید ہوئے ہیں لہٰذا شفاف انکوائری ہوگی۔ آپریشن مکمل کرنے میں 2سے3دن لگیں گے۔سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ سیفی انویسٹی گیشن بورڈ میں پی آئی اے کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔طیارہ حادثے میں گھروں کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا ہے۔

News Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں