پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا، کل عید ہوگی

پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے۔ کل بروز اتوار ملک بھر میں کرونا وائرس کی وجہ سے عیدالفطر سادگی کے ساتھ منائی جائے گی۔

مرکزی روئت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں مفتی منیب الرحمان کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں محکمہ موسمیات کے ماہرین سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس کے ساتھ دیگر صوبوں میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ بہت سے انفرادی شہادتیں بھی ملیں جنہیں بنیاد نہیں بنایا گیا تاہم اجتماعی شہادتوں کی بنیاد پر فیصلہ کیا گیا ہے۔

مفتی منی الرحمان نے کہا کہ طبی ماہرین کے مطابق گلے ملنے اور مصافحہ کرنے سے کرونا وائرس پھیلتا ہے۔ معانقہ اور مصافحہ سنت ہے، تاہم احتیاط بھی ضروری ہے۔ لوگوں سے گزارش ہے کہ عید کی نماز کے بعد ایک دوسرے کو زبانی مبارکباد دیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاز حادثہ المیہ اور سانحہ ہے۔ جو لوگ شہید ہوئے ان کیلئے بلندی درجات کی دعا کرتے ہیں۔

مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ فواد چوہدری کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ دین میں مداخلت پر فواد چوہدری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ فواد چوہدری کو دین میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے، وزیراعظم کو چاہئے کہ وہ انہیں روکیں۔ فواد چوہدری بتائیں کتنے روزے رکھے اور کتنی نمازیں پڑھیں۔ ان کا عید سے کیا رشتہ بنتا ہے۔

News Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں