آئندہ ن لیگ کاکوئی رکن انفرادی سطح پرعسکری نمائندوں سےملاقات نہیں کرے گا، نواز شریف

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ آئندہ ن لیگ کاکوئی رکن انفرادی سطح پرعسکری نمائندوں سےملاقات نہیں کریگا۔ قومی دفاع کیلئےضروری ہواتوجماعتی قیادت کی منظوری کیساتھ ہر ملاقات اعلانیہ ہوگی ۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات ثابت کرتے ہیں کس طرح بعض ملاقاتیں سات پردوں میں چھپی رہتی‏ہیں، اور کس طرح بعض کی تشہیر کرکے مرضی کےمعنی پہنائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھیل اب بند ہوجانا چاہئے۔

سابق وزیر اعظم نے لیگی رہنماوں کو عسکری قیادت سے خفیہ ملاقاتوں سے روکتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہماری جماعت کا کوئی رکن انفرادی،جماعتی یا ذاتی سطح پر عسکری اور ‏متعلقہ ایجنسیوں کےنمائندوں سے ملاقات نہیں کرے گا، نواز شریف نے مزید کہا کہ قومی دفاع اور آئینی تقاضوں کے لیے ضروری ہوا تو جماعتی قیادت کی منظوری کے ساتھ ایسی ہر ملاقات اعلانیہ ہوگی اور اسے خفیہ نہیں رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے بتا یا تھا کہ محمد زبیر آرمی چیف سے دو ملاقاتیں کر چکے ہیں جو کہ ان کی درخواست پر کی گئی تھیں ۔انہوں نے بتا یا تھا کہ ملاقاتیں مریم نواز اور نواز شریف سے متعلق تھیں۔

News Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں