پاکستانی معیشت خطے میں سب سے زیادہ تیزی سے ابھر رہی ہے: وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے معیشت میں بہتری اور استحکام کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری کے ثمرات عام آدمی تک جلد سے جلد پہنچنے چاہئیں۔

جی این این کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ملکی معیشت سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار، حماد اظہر اور حفیظ شیخ شریک ہوئے۔ وزیرِاعظم نے معاشی نظم و ضبط اور ملکی قرضوں کے بہتر انتظام کے حوالے سے معاشی ٹیم کو سراہا، وزیرِ اعظم نے لارج ا سکیل مینیوفیکچرنگ کے شعبے میں مثبت رجحانات کو خوش آئند قرار دیا۔ وزیراعظم نے معیشت میں بہتری اور استحکام کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے ثمرات عام آدمی تک جلد سے جلد پہنچنے چاہئیں۔ حکومت کی کورونا کے خلاف حکمت عملی کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔ پاکستانی معیشت خطے میں سب سے زیادہ تیزی سے ابھر رہی ہے، معیشت کی بہتری کا سہرا معاشی ٹیم کی حکمت عملی سے ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ڈویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس ہوا۔ گورنر اسٹیٹ بینک نےاجلاس کو آگاہ کیا کہ عوام الناس کی آسانی کیلئے ملک بھر کے تمام ضلعوں میں موجود بینکوں کی پچاس فیصد برانچوں میں تعمیرات کے لئے قرضہ جات کی فراہمی کے لئے خصوصی ڈیسک قائم کئے جائیں گے۔

بینک الحبیب کی طرف سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ تعمیراتی شعبے کیلئے اب تک 6ارب روپے کی منظوری دی جا چکی ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے بھر سے 44 ملین مربع فٹ پر تعمیراتی کام کیلئے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جس میں سے 20 ملین مربع فٹ پر تعمیرات کیلئے منظوری دی جاچکی ہے جب کہ تعمیرات سے وابستہ تمام صنعتوں بشمول سیمنٹ، اینٹوں اورسریا کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں 44 ملین مربع فٹ پر تعمیراتی کام شروع ہونے کے بعد صوبے میں تقریباً 1 کھرب روپے کی معاشی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔ چیف سیکرٹری خیبر پختون خواہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ صوبے بھر سے تقریباً 6 ملین مربع فٹ پر نئی تعمیرات کیلئے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منظوری کے بعد صوبے میں 100 ارب روپے کی معاشی سرگرمیاں شروع ہوگی۔ وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو تعمیراتی کام کے حوالے سے موصول شدہ درخواستیں مروجہ قوانین کے مطابق جلد از جلد منظور کر نے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اور نیپرا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ ملکر تعمیراتی شعبے سے متعلقہ مسائل جلد حل کریں۔

Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں