چین نے بروقت ردعمل دے کر دنیا کو پاک چین دوستی کا واضح پیغام دیا: شاہ محمود قریشی

اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین کا ردعمل بروقت آیا ہے ، اس سے واضح پیغام دنیا کو جاتا ہے کہ چین اور پاکستان ایک پیج پر ہیں ۔

سی پیک کے حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین اور پاکستان سی پیک کے راستے میں حائل تمام سازشوں کو ناکام بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ بھارت سی پیک کو نشانہ بنائے گا تو ہم اس کے دفاع کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک ایسا پراجیکٹ ہے جس سے پورے خطے کو فائدہ ہونا ہے،افغانستان ، وسطی ایشیائی ممالک اس سے فائدہ اٹھائیں گے ۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خاص ڈوزئیر کے ذریعے دنیا کے دیگر ممالک توجہ مبذول کرائی ۔ڈوزئیر میں پاکستان کوغیر مستحکم کرنے کی بھارتی سازشوں کو دنیا بھر میں بے نقاب کیاگیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان نے سی پیک کو ناکام بنانےکےلیے 80 ارب روپےکی رقم خرچ کرکے ایک خفیہ سیل قائم کیا۔ بلوچستان میں دہشتگرد حملوں کے ذریعے چن چن کر افراد اور سی پیک کے منصوبوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگرد حملوں کی بھارتی پشت پناہی ان کی گھبراہٹ کا آئینہ دار ہے۔

اس سے قبل چین نے سی پیک کے دشمنوں کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنادیں گے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جیان ژاؤ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف کوششیں کرنے والے بُری طرح ناکام ہوں گے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر بھارتی سازشوں اور عزائم کو پہلے ہی بے نقاب کر چکے ہیں، پاکستانی ڈوزئیر میں سی پیک کیخلاف بھارتی سازشوں اور ریاستی دہشتگردی کے تمام ثبوت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف بين الاقوامی جنگ ميں پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہيں،دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔

Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں