کل سب رکاوٹیں توڑ کر ملتان میں ملاقات ہوگی: مریم نواز

لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم فسطائیت کے خلاف اب مزمت نہیں مزاحمت کریں گے، کل سب رکاوٹیں توڑ کر ملتان میں ملاقات ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ پی ڈی ایم ایک پرامن تحریک ہے جس کا مقصد حقیقی جمہوریت، ووٹ کی عزت، بنیادی حقوق کی بحالی اور مہنگائی سے چھٹکارا ہے مگر سلیکٹڈ اپنی نااہلی چھپانے کے لئے عوام سے جنگ پر آمادہ ہے تو جان لے کہ کوئی عوام سے جنگ نہیں جیت سکتا۔ سوموار کوسب رکاوٹیں توڑ کرملتان میں ملاقات ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح کراچی میں میرے کمرے میں حملہ ہوا آج پورے پنجاب میں چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، نہتے لوگوں پر تشدد اور بےگناہوں کو گرفتار کیا گیا۔ ہم اس فسطائیت کے خلاف اب مزمت نہیں مزاحمت کریں گے۔مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ سلیکٹڈ کو پتا ہے کہ عوام اس حکومت سے کتنی پریشان ہے اس لئے پی ڈی ایم کے پر امن جلسہ کو روکنے کے لئے پورے ملتان اور اس کے گردونواح کو اکھاڑا بنا رکھا ہے۔ بہادر کارکنان کے گھروں کے گھیراو اور پکڑدکھڑ جاری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جان لو یہ تحریک تمہیں گھر بھیج کر رہے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کل ملتان میں پاور شو کر رہی ہے جبکہ کورونا وائرس کے پیش نظر حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر رکھا ہے جبکہ پی ڈی ایم کے رہنماؤں نے کل ہر حال میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں