براڈ شیٹ معاملے پر کمیٹی بنا دی جو اہم انکشافات کرے گی: شبلی فراز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ معاملے پر کمیٹی بنا دی ہے ، جو آنے والے دنوں میں انکشافات کرے گی۔وزیر اعظم نے اسامہ ستی کے قتل پر برہمی کا اظہار کیا ۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ کئی دنوں سے براڈ شیٹ کیس میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے، اس کا مسئلہ سنہ 2000 سے شروع ہوا تھا، غیر قانونی طور پر اثاثے بیرون ملک منتقل کیے گئے، براڈ شیٹ نے اہم تفصیلات بھی دینا شروع کردی تھیں لیکن این آر او ملنے کے بعد اس کا معاملہ سرد خانے میں چلا گیا، نواز شریف کے کزن نے براڈ شیٹ کو رشوت کی پیشکش کی۔ پاکستانی قوم کے اثاثے لوٹے گئے، براڈشیٹ سکینڈل پرکمیٹی بنادی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جنہوں نے اس ملک کے اداروں کو مذاق بنایا اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایا پھر ملک کو ایسے قانونی موشگافیوں میں دھکیل دیا جہاں ہمیں ہزیمت اٹھانا پڑی۔
شبلی فراز نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں اسامہ ستی قتل کیس بھی اٹھایا گیا، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کیس پر بات کی، نوجوان لڑکے کو گولیاں مار کر اس کی زندگی چھین لی گئی۔ وزیر اعظم نے اسامہ ستی کے قتل پر برہمی کا اظہار کیا اور انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لواحقین جیسے چاہیں ویسے ہی انکوائری کی جائے اور ذمہ داروں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کابینہ نے آڈیٹر جنرل کے اختیارات سےمتعلق بل کی منظوری دی جس کے تحت آڈیٹرجنرل کا دائرہ اختیار بڑھا دیا گیا ہے، حکومت ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے پرعزم ہے، 18 ویں ترمیم کیخلاف نہیں لیکن نقائص دور کرنا ضروری ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ اوپن بیلٹ کے ذریعے سینیٹ الیکشن کرانے کا مقصد شفافیت لانا ہے، کوشش ہے کہ سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوں، سپریم کورٹ جانے کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ نہ ہو۔

Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں