سینیٹ الیکشن میں میری جیت جمہوری قوتوں کی فتح ہوگی: یوسف رضاگیلانی

اسلا م آباد : پیپلز پارٹی رہنما اورسینیٹ کیلئے نامزدپی ڈی ایم امیدوار یوسف رضا گیلانی کاکہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں میری جیت جمہوری قوتوں کی فتح ہوگی ۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم رہنما مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر یوسف رضا گیلانی، نیئر بخاری، راجہ پرویز اشرف اور مصطفی نواز کھوکھرپر مشتمل وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں سینیٹ الیکشن سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملکی سیاسی صورتحال اور پی ڈی ایم کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی ۔ ملاقا ت کے بعد پیپلز پارٹی رہنما و سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے مولانا فضل الرحمٰن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلے بھی قومی اسمبلی سے متفقہ وزیراعظم منتخب ہوا تھا اس وقت بھی مشکور تھا جو ممبران پارلیمنٹ ہیں ان کی عزت میری درخواست کی وجہ سے بڑھ گئی ہے۔ خود پر اعتماد کیلئے تمام جماعتو ں کا مشکور ہوں، پی ڈی ایم نےمجھےٹکٹ دیا، پی ڈی ایم کی بھرپور ترجمانی کروں گا اور یہ فتح جمہوری قوتوں کی ہوگی ۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ یوسف رضا گیلانی سینیٹ کیلئے ہمارے مشترکہ امیدوار ہیں، گیلانی کی بطور پی ڈی ایم امیدوار نامزدگی کے اعلان سے حکومتی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے ،یہ معرکہ سرکریں گے ۔ ان کاکہنا تھا کہ حکومتی صفوں میں عدم اعتماد اور خوف نظر آرہا ہے، یوسف گیلانی کے مقابلے میں حکومت کی جانب سے حفیظ شیخ الیکشن لڑ رہے ہیں۔ یوسف رضا گیلانی ضرور کامیاب ہوں گے۔ اس سے پہلے یوسف رضا وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا چیئرمین سینیٹ بننا ہم سب کیلئے اعزاز ہو گا۔ پی ڈی ایم ان کی کامیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

واضح رہے کہ 48 اراکین سینیٹ کو منتخب کرنے کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی جس میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 12، 12 سینیٹرز، پنجاب اور سندھ سے 11،11 جبکہ اسلام آباد سے 2 سینیٹرز کو منتخب کیا جائے گا۔پولنگ میں چاروں صوبوں سے عام نشستوں پر 7 اراکین، 2 نشستوں پر خواتین، 2 نشستوں پر ٹیکنوکریٹس کو منتخب کیا جائے گا جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے اقلیتی نشست پر ایک، ایک رکن منتخب ہوگا۔

Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں