دنیابھرمیں کوروناوائرس کےحملےجاری،ہلاکتیں 42 ہزارسےتجاوز

پیرس:مہلک کورونا وائرس کے دنیابھرمیں وار جاری ہیں ، جان لیواوائرس سے اب تک دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 42ہزارسے تجاوزکرگئی ہےجبکہ 8لاکھ سے زائدافراداس سےمتاثر ہوئے ہیں ۔
دنیا بھرمیں کورونا وائرس کی دہشت برقرار ہے، دنیا کے200 ممالک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں اضافہ جاری ہے اورمرنے والوں کی تعداد 42ہزارسے زائد ہو چکی ہے ۔ دنیا کے مختلف ممالک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں جان لیوا مہلک وائرس سے 3500 کے لگ بھگ افرادجان کی بازی ہارگئے۔ کوروناوائرس سےمتاثرہ افراد کی تعداد میں بھی کمی نہیں ہوسکی اور صرف 24 گھنٹوں کےدوران کورونا کےنصف لاکھ سے زائد مزید کیس رپورٹ ہوگئے۔مجموعی طور پردنیا بھرمیں کوروناوائرس سےمتاثرہ افراد کی تعداد ساڑھےآٹھ لاکھ کےقریب پہنچ گئی ہے ۔
امریکا میں صورتحال بدترین صورت اختیارکرگئی ہے اورایک روز میں بارہ ہزارسےزائدکیس رپورٹ ہوئے جبکہ مریضوں کی مجموعی تعداد دولاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے ۔امریکہ نے ہلاکتوں میں بھی چین کوپیچھے چھوڑ دیا ہےاور صرف ایک روز میں 748 ہلاکتیں ہوئی ، جس کے بعد امریکہ میں مرنے والوں کی کل تعداد3889 تک جاپہنچی ہے ۔امریکی صدرٹرمپ کا کہنا ہے کہ آئندہ 15 روز میں صورتحا ل مزید خراب ہوسکتی ہے ،کورونا وبا کی صورت اختیار کرچکا ہے ۔دوسری جانب سابق امریکی صدرباراک اوباما نے ملکی میں خراب صورتحال کی وجہ صدرٹرمپ کی لاپرواہی کو قراردیدیا۔
یورپ اس وائرس سےسب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ، اٹلی میں وائرس سے مزید 837 افراد لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد12ہزار 428ہوگئی ہے۔اسپین میں کورونا نے پنجے گاڑ لیے ہیں اورمزید748 افراد چل بسے۔ فرانس میں 499، بیلجئم میں 192، نیدرلینڈ175 جبکہ جرمنی میں 130 ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔
برطانیہ میں کرونا وائرس سے مزید 381شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس حوالے سے وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ حالات ابھی مزید خراب ہوں گے ۔ ایران میں متاثرین کی تعداد 41ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک 26سوسے زائد افرادزندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔
آسٹریلیا میں 60 اخبارات نے کورونا وائرس کی وجہ سے اشاعت معطل کر دی جبکہ امریکی محکمہ خارجہ کے عملے کے دو ارکان کورونا وائرس سے ہلاک ہوگئے ،امریکی محکمہ خارجہ کے عملے کا ایک رکن کانگو، دوسرا انڈونیشیا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہواہے۔ چین میں حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں۔دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا کے جلد خاتمے کے امکانات نہیں ہیں ۔تمام ممالک وائرس کو روکنے کے لئے مزی اقدامات سخت کریں ۔اقوام متحدہ نے بھی کرونا وائرس کو جنگ عظیم دوم کے بعد بدترین بحران قرار دے دیا ہے ۔

News Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں