کورونا وائرس : دنیا بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد3 کروڑ سےتجاوز کرگئی

واشنگٹن : دنیا بھر میں کورونا کے وار جاری ہیں ، متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 6 لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ دنیا بھرمیں مہلک وبا سے اب تک 9 لاکھ 56 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کورونا سے متاثرہ ممالک کی عالمی فہرست میں تاحال امریکہ پہلے نمبر پر ہے، امریکہ میں اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے ۔ امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 69 لاکھ 25 ہزار سے تجاوزکرچکی ہے ۔
بھارت میں کورونا نے تباہی مچا دی ، ایک روزمیں 92 ہزار سے زائد کورونا مریض سامنے آگئے جس کے بعد دنيا کے کسی بھی ملک ميں ايک دن ميں ريکارڈ کيے جانے والے سب سے زيادہ کيسز ہيں ۔ بھارت واحد ایشیائی ملک ہے جہاں کيسز کی مجموعی تعداد 53 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے جبکہ 85 ہزار سے زيادہ افراد اس خطرناک مرض کی وجہ سے جان کی بازی ہار چکے ہيں۔
برازیل میں ایک لاکھ 35ہزار سے زائد افراد کورونا سے ہلاک جبکہ مریضوں کی تعداد 44 لاکھ 97 ہزارسے تجاوز کرچکی ہے۔ روس کورونا سے متاثرہ ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے ، جہاں کورونا سے 10 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 19 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ پیرو کورونا سے متاثرہ ممالک میں پانچویں نمبر پر آگیا ہے جہاں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 31 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 7 لاکھ 56 ہزار سےتجاوز کر گئی ہے۔
کولمبیا کورونا سے متاثرہ ممالک میں چھٹے نمبر پر آچکا ہے جہاں کورونا سے اموات کی تعداد 31ہزارسے زائد ہیں۔ کولمبیا میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 750,471 ہوچکی ہے ۔ جنوبی افریقہ میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، متاثرہ مریضوں کی تعداد6 لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات کی تعداد 15ہزار تک جاپہنچی ۔
میکسیکو میں ایک دن میں4 ہزارسے زائد کیسزرپورٹ ہوئے اب تک میکسیکو میں 6 لاکھ سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جبکہ 72 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔ ارجنٹینا میں 12ہزار سے زائدافراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ 6 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں ۔کورونا وائرس سے چلی میں 4 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں اور 11 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اسپین میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 29 ہزارسے زائد ہوگئی ہیں جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد5 لاکھ سے زائد ہے۔
یورپ میں کورونا کی دوسری لہر ، برطانیہ میں کوروناسے 3 لاکھ سے زائدافراد متاثرہیں۔ برطانیہ میں کورونا ٹیسٹ اینڈ ٹریس سسٹم لاگو ہے اور کورونا مریضوں سے ملاقات کرنے والوں کو آئسولیٹ کیا جا رہا ہے۔ ایران میں کورونا وائرس کی دوسری لہر پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ۔ ایران میں 23 ہزارسے زائد افراد کوروناوائرس سے چل بسے ، جبکہ مریضوں کی تعداد 4لاکھ 16 ہزارسے زائد ہے ۔ ترکی میں 7 ہزارسے زائد افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ اٹلی میں کورونا سے35 ہزارسے زائد افراد ہلاک جبکہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 94 ہزار سے تجاوز کر گئی ۔ جرمنی اوربیلجیم میں 9 ہزار، فرانس میں 30 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں ، دنیا بھر میں اب تک کورونا سے 22 کروڑ سے زائد افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

News Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں