سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنادیں گے: چین

بیجنگ: چین نے سی پیک کے دشمنوں کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنادیں گے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جیان ژاؤ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف کوششیں کرنے والے بُری طرح ناکام ہوں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر بھارتی سازشوں اور عزائم کو پہلے ہی بے نقاب کر چکے ہیں، پاکستانی ڈوزئیر میں سی پیک کیخلاف بھارتی سازشوں اور ریاستی دہشتگردی کے تمام ثبوت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف بين الاقوامی جنگ ميں پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہيں،دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےآئی ایس پی آر کے ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے شواہد عالمی برادری کے سامنے پیش کئے تھے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے، بھارت نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے، بھارت بدمعاش ریاست کا روپ دھارنے جا رہا ہے، مزید خاموش رہنا پاکستان اور خطے کے امن کے مفاد میں نہیں۔

اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ بھارت کافی عرصے سے گلگت بلتستان میں بد امنی پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ را نے قبائلی علاقوں میں بدامنی کیلئے آئی ای ڈیز اور اسلحہ تقسیم کیا۔ میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی سے متعلق شواہد موجود ہیں، بھارت دہشت گردوں کی تربیت اور اسلحہ فراہم کررہا ہے، بھارت دہشت گرد تنظیموں کا کنسورشیم بنا رہا ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی داعش پاکستان بنانے کی سازش کررہی ہے۔

Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں