کیپٹل ہل پر دھاوا بغاوت قرار

واشنگٹن:نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کے کیپٹل ہل پر دھاوے کو بغاوت قرار دے دیا اور کہا کہ آج امریکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔
اپنے خطاب میں نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ مظاہروں کا ڈرامہ امریکی عوام کی حقیقی نمائندگی نہیں، ووٹ کا تقدس پامال کیا گیا،یہ اختلاف نہیں لاقانونیت ہے،یہ ایک بغاوت ہے اور آج امریکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، صدر ٹرمپ سرکاری ٹی وی پر آ کر مظاہرین سے پرامن رہنے کی اپیل کریں اور مظاہرہ ختم کرنے کا کہیں،دارالحکومت میں پرتشدد مظاہرہ ہماری جمہوریت پر حملہ ہے، آج کے واقعے سے دکھ ہوا، امریکی جمہوریت کونقصان پہنچا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی بڑی تعداد رکاوٹیں اور سیکیورٹی حصار توڑتے ہوئے واشنگٹن میں واقع کیپیٹل ہل کی عمارت کے اندر گھس گئی جہاں مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہوئیں جس کے دوران فائرنگ سے 4 افراد ہلاک ہو گئےجبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہےجبکہ جوبائیڈن کی صدارت کی تصدیق کا عمل بھی روک دیا گیا ہے جبکہ واشنگٹن میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ٹویٹر انتظامیہ نےمتنازعہ ٹوئٹس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹویٹر اکاؤنٹ 12 گھنٹے کیلئے معطل کر دیا جبکہ پالیسی کی خلاف ورزی پر فیس بک نے بھی 24 گھنٹوں کے لیے ٹرمپ کی پوسٹ بلاک کردیں ہیں۔

Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں