ٹی ٹوئنٹی کرکٹ : بابر اعظم رواں سال سب سے زیادہ اسکور کرنیوالے بلے باز بن گئے

لاہور : پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم 2020 میں ٹی 20 رنز میں سب سے زیا دہ اسکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ، انہوں نے رواں سال میں سب سے زیادہ ٹی 20 رنز بنانے والے انگلینڈ کے بلے باز ایلیکس ہیلز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ حال ہی میں بابر اعظم نے راولپنڈی میں جاری قومی ٹی 20 کپ میچ میں اپنی ٹیم نادرن پنجاب کو بلوچستان کے خلاف جیتنے میں فتح دلوانے کیلئے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ٹورنامنٹ میں لگاتار تین نصف سنچری بھی اسکور کی ہے۔
رواں سال ٹی ٹوئنٹی میں بابر اعظم نے مجموعی طور پر 942 رنز بنا لیے ہیں ، جو 2020 میں کسی بھی کھلاڑی کے سب سے زیادہ رنز ہیں۔ بابر اعظم کے بعد انگلینڈ کے ایلکس ہیلز دوسرے نمبر پر ہیں جو رواں سال میں 895 رنز بنا کر نمایاں ہیں جبکہ تیسرے نمبر پر آسٹریلیا کے مارکس اسٹوئنس 809 رنز بنا چکے ہیں ۔
بابراعظم نے مسلسل دوسرے سال بھی ٹی 20 فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں ۔ انہوں نے سال 2019 میں ٹی ٹوئنٹی میں 1607 رنز بنائے تھے، بابراعظم اس سال اب تک 8 نصف سنچریاں اور ایک سنچری اسکور کر چکے ہیں ، یوں وہ نو ففٹی پلس اسکورز کے ساتھ اس فہرست میں بھی سب سے آگے ہیں ۔ بابر اعظم پاکستان وائٹ بال ٹیم کپتان اس سال ٹی ٹوئنٹیز میں سب سے زیادہ چوکے لگانے والے بیٹسمین بھی ہیں۔
گزشتہ ہفتے پی سی بی پوڈ کاسٹ کے 26 ویں ایڈیشن میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ڈومیسٹک سیزن کا اعلان قابل ستائش ہے۔ قومی ٹی 20 کپ ملتان میں بہت اچھا آغاز ہوا ہے۔

News Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں