بھارت کو پھر عبرتناک شکست ، آسٹریلیا نے ون ڈے سیریز نام کر لی

سڈنی: آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں بھارت کو 51 رنز سے عبرتناک شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل سیریز 2-0سے اپنے نام کر لی۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور کپتان ایرون فنچ نے جارحانہ آغاز فراہم کیا ، اور پہلی وکٹ کے لیے 142 رنز کی شراکت داری قائم کی، تاہم فنچ 60 رنز بنا کر محمد شامی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جس کے بعد اسٹیو اسمتھ نے آکر ایک مرتبہ پھر صرف 62 گیندوں پر سنچری کر ڈالی جبکہ یہ ان کی مسلسل تیسری سنچری ہے ۔ بعد ازاں آخری اوورز میں گلین میکس ویل اور لیبوشین نے جارح انداز اپنایا اور ٹیم کا ٹوٹل 389 رنز تک پہنچا دیا۔بھارت کی جانب محمد شامی، پانڈیا اور بمرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز ناقص رہا اور ان کی پہلی وکٹ 58 رنز پر گر گئی جب دھون 30 رنز بنا کر ہیزول ووڈ کا شکار بنے۔بھارت کی جانب سے کپتان ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے مزاحمت کی مگر وہ اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔ کوہلی 89 جب کہ راہول 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی جانب سے کمنز نے تین جب کہ ہیزول ووڈ اور زیمپا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ میں سنچری اسکور کرنے پر اسٓٹیو اسمتھ کو میچ آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اس سے قبل پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کی ٹیم نے بھارت کو 66 رنز سے عبرت ناک شکست دی تھی، 6 وکٹوں پر 374 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انڈیا ٹیم صرف 308 رنز بنا سکی تھی، آسٹریلیا کے بلے باز اسٹیون اسمتھ کو 105 رنز بنانے پر مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں