کرکٹ کمیٹی نے مصباح الحق اور وقار یونس کو مہلت دے دی

لاہور: کرکٹ کمیٹی نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہارکردیا۔ہیڈکوچ مصباح الحق و باولنگ کوچ وقار یونس کو ایک اور مہلت مل گئی ۔جنوبی افریقہ سے سیریز کے بعد دوبارہ جائزہ لیا جائے گا.
کرکٹ کمیٹی کے سربراہ سلیم یوسف کی زیر صدارت قذافی اسٹیڈیم میں اجلاس ہوا جس میں قومی کرکٹ ٹیم کی گزشتہ16 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔کمیٹی کے رکن وسیم اکرم ،عمر گل اور ذاکر خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس نے بھی اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔ کرکٹ کمیٹی نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وباء اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اثرانداز ہوئی۔کرکٹ کمیٹی نے پی سی بی کو ٹیم منیجمنٹ کو سپورٹ کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم منیجمنٹ کو قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق اپنی حکمت عملی اور اہداف سے متعلق مکمل وضاحت دینے کی ضرورت ہے۔
کرکٹ کمیٹی کے سربراہ سلیم یوسف کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے بعد ایک بار پھر قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، عالمی وباء کے باعث صرف پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہی نہیں بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے دیگر ممالک کی ٹیموں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، کمیٹی نے کہا کہ ٹیم کے انتخاب اور فائنل الیون کے لیے کھلاڑیوں کے چناؤ میں بہتری ہونی چاہیے تھی، مشکل صورتحال سے نمٹنے کےلیے کھلاڑیوں کی تیاری میں سائنس اور ڈیٹا بیس سے مددلینے پر زور دیا گیا ہے۔

Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں