عوامی مقامات پر فری وائی فائی کی سہولت ختم کر دی گئی

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں عوامی مقامات پر فری وائی فائی کی سہولت غیر اعلانیہ طور پر ختم کر دی ، ہزاروں طلباء اور ریسرچ اسکالرز سہولت سے محروم ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق سال 2017 میں اس وقت کی حکومت نے لاہورو ملتان سمیت صوبے کے 200 مقامات پر مفت سہولت فراہم کرنے کیلئے پنجاب وائی فائی منصوبہ شروع کیا تھا، منصوبے کے لئے سالانہ 19 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ آرہا تھا، گزشتہ سال کے شروع میں بھی پی ٹی سی ایل کو واجبات کی عدم ادائیگی پر وائی فائی کی سہولت عارضی طور پر بند ہوئی تھی، لیکن پھر اس سروس کو بحال کردیا گیا تھا۔ تاہم ایک مرتبہ پھر حکومت نے اس سروس کو غیر اعلانیہ طور پر ختم کر دیا ہے ، ذرائع پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ منصوبے میں سالانہ تقریباً 20 کروڑ خرچ ہوتے تھے جو ناقابل برداشت بوجھ تھا۔
واضح رہے کہ لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں فری وائی فائی سروس کے تحت شہریوں کو مفت انٹرنیٹ سہولت دی گئی تھی۔پنجاب کے یونیورسٹی اورکالجز کے طلبا وطالبات مفت سہولت سے مستفید ہورہے تھے، لاہور پریس کلب میں صحافیوں کے لئے بھی وائی فائی کی مفت سہولت میسر تھی، جب کہ لاہورائیرپورٹ، میٹرو بس اسٹیشن ، لاہور ریلوے اسٹیشن سمیت دیگر پبلک مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت دستیاب تھی۔

Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں