وزیراعظم کا وزیرستان میں تھری اور فورجی سروسزشروع کرنےکااعلان

وانا : وزیراعظم عمران خان نے وزیرستان میں تھری اور فورجی سروسزآج سے شروع کرنےکااعلان کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان میں خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں 30 سال قبل پہلی مرتبہ وانا آیا تھا اوراس کے بعد انتخابی مہم اور وزیراعظم بن کر یہاں آیا، تاہم میں وزیرستان کے لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت کا فلسفہ یہ ہے کی پیچھے رہ جانے والے لوگوں اور علاقوں کو اوپر لائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت وہ حکومت ہے جو آپ کی حکومت ہے، میں ووٹ لینے یا الیکشن میں کیے جانے والے وعدے کرنے نہیں آیا بلکہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کے غریب طبقے کو اوپر اٹھایا جائے، جہاں انہیں تعلیم کی فراہمی دی جائے اور اسکول، کالجز، جامعات اور تکنیکی تعلیمی ادارے کھولے جائیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت انٹرنیٹ کےذریعے پاکستان میں انتشارپھیلانا چاہتا ہے ، قبائلی علاقوں کے خیبرپختونخوا میں ضم ہونےپرانتشارپھیلانے کی کوشش کی گئی ۔ قبائلی علاقوں کا خیبرپختونخوا میں ضم ہونا بڑا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے اور لوگوں کی ترقی حکومت کی پہلی ترجیح ہے، ہماری سب سے بڑی طاقت نوجوان ہیں، آج کامیاب جوان پروگرام کے تحت جو چیک دیے ہیں وہ شروعات ہیں، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ یہاں اور بلوچستان علاقوں میں زور لگائیں کیونکہ وہاں کے لوگ بھی پیچھے رہ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں بڑوں کا خاص کردار ہے ، ہم آپ کی روایتیں جانتے ہیں اس کےمطابق آپ کو عزت دیں گے ، ڈیمز کا خاص طور ہر مسئلہ ہے جتنے ہم چیک ڈیمز بناتے رہیں گے ان کیلئے پانی کی آسانی ہو گی ۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر خاندان کو اب ہیلتھ کارڈ ملےگا جس کے تحت کسی بھی ہسپتال میں آپ 7 لاکھ تک علاج کرا سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ علاقہ زیتون کے لیے دنیا میں بہترین علاقہ ہے ، وزیرستان میں زیتون کےدرخت لگاکر انقلاب لائیں گے، زیتون کا تیل سب سے زیادہ پیسہ لا سکتا ہے ہم ایکسپورٹ بھی کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان وزیرستان کے ایک روزہ دورے پر ہیں ۔ وزیراعلی خیبرپختونخواہ محمود خان، صوبائی کابینہ کے اراکین ، گورنر شاہ فرمان، علی امین گنڈاپور، ثانیہ نشتر ، معاون خصوصی عثمان ڈار اور شہباز گل بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں ۔ تقریب سے قبل وزیر اعظم نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت وزیرستان کے نوجوانوں کو کاروبار اور روزگار کی فراہمی کیلئے رقم کے چیک بھی تقسیم کیے ۔

Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں