مائیکروسافٹ ونڈوز نے نیا ورژن متعارف کروانے کی تیاری شروع کردی

کیلیفورنیا: دنیا میں سب سے مقبول آپریٹنگ سسٹم مائیکروسافٹ ونڈوز نے کافی عرصے بعد نیا ورژن متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے جو اپنے آخری مراحل میں ہے۔ اس تبدیلی کو یہ ایک دہائی کے دوران ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیہ نڈیلا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے ایک بڑی اپ ڈیٹ کی منصوبہ بندی پر کام شروع کر دیا ہے۔ یہ گزشتہ 10 سالوں کے دوران سب سے بڑی تبدیلی ہوگی۔

مائیکروسافٹ سی ای او ستیہ نڈیلا کا کہنا تھا کہ 1 ارب تیس کروڑ سے زائد صارفین کی ڈیوائسوں پر کام کرنیوالے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کا اب نیا ورژن جلد متعارف کرا دیا جائے گا۔

ستیہ نڈیلا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مائیکروسافٹ نے اپنے صارفین کی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ نیا اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان کی جانب سے کافی عرصے سے درخواست کی جا رہی تھی کہ ونڈوز کا نیا ورژن سامنے لایا جائے۔ اب اسی تناظر میں نئی منصوبہ بندی پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ونڈو کے نئے ورژن کو میں کچھ عرصے سے استعمال کر رہا ہوں، مجھے امید ہے کہ یہ نئی نسل کا ونڈوز آپریٹنگ سسٹم ہوگا، کمپنی میں موجود ہر شخص اور خصوصاً میں اس کے بارے میں بہت ہی زیادہ پرجوش ہوں۔

ادھر غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مائیکروسافٹ حکام نے اپنے نئے ونڈوز ورژن کو فی الحال دنیا سے چھپا کر رکھا ہے اور اس کے بارے میں کسی کو کوئی معلومات نہیں ہیں۔ تاہم صرف اتنی اطلاعات ہیں یہ کہ آپریٹنگ سسٹم جدید ترین طریقے سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ دنیا کی سب سے زیادہ معروف کمپنی مائیکروسافٹ 2015ء میں آخری بار اپنا آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 10 کی صورت میں صارفین کیلئے متعارف کرایا تھا۔

Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں